رپورٹ: دی سٹوڈنٹس ہیرلڈ
گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی لاہور میں سندھ کونسل کے سابقہ چیرمین محسن سومرو کو جمیعت کے ناظم عدنان قادر کی جانب سے اغواء کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محسن سومرو ایجوکیشن پالیسی اور ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ایم فل کے طالب علم ہیں۔ گزشتہ روز جب وہ اسلامک ڈیپارٹمنٹ کے قریب سے گزر رہے تھے تو انھیں کچھ افراد نے ہراساں کرنا شروع کیا، اس کا یونیورسٹی کارڈ چھین لیا، تشدد کیا اور ایک گاڑی میں ڈال کر اغواء کرنے کی کوشش کی لیکن محسن سومرو کی مزاحمت کی وجہ سے وہ کوشش ناکام ہو گئی۔
سندھ کونسل پنجاب یونیورسٹی نے اپنی پریس ریلیز میں اس قدم کی مذمت کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کی سیکیورٹی اور انتظامیہ کی اہلیت پر بھی سوال اٹھایا۔
پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو لاہور کے انفارمیشن سیکرٹری شعیب قادر نے سٹوڈنٹس ہیرلڈ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی میں سیکیورٹی کی یہ ناکامی کوئی نئی نہیں ہے بلکہ کئی طلبہ کے ساتھ اس طرح کے واقعات ہو چکے ہیں جو کی انتہائی افسوس ناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف سیکیورٹی ان اقدامات پر کوئی ایکشن نہیں لیتی بلکہ مبینہ طور پر خود جمیعت کی حمایت کرتی ہے۔ انھوں نے اس قدم کی مذمت کرتے ہوئے فورا چیف سیکیورٹی آفیسر کرنل عبید کی معطلی کا مطالبہ کیا ہے۔