رپورٹ:محمد آزاد خان
پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسوسیشن کی جانب سے مورخہ 9 نومبر 2020 بروز سوموار کو دفاتر کی تالا بندی اور یونیورسٹیوں کی اعلیٰ انتظامیہ کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔ ایسوسیشن کے جنرل سیکرٹری نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے سے ملازمین کے معاملات تاخیر کا شکار ہیں۔ دھیاڑی دار ملازمین کی مستقل تعیناتی نہیں کی جارہی اور انجینئرنگ برانچ کے ملازمین کو ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کا معاوضہ بھی نہیں ادا کیا جا رہا ہے۔ دفاتر کھول دیے گئے ہیں لیکن ٹرانسپورٹ بند ہے جس کی وجہ سے ملازمین کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔
تنظیم کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کافی مہینوں سے ان مسائل کے حل کے لیے پر امن بات چیت کر رہے ہیں مگر رجسٹرار، کنٹرولر اور خزانہ دار ان کے مسائل کے حل کے راستے میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ اس لیے اب ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں تھا۔ انھوں نے تمام ملازمین سے اپیل کی کہ وہ بھی اپنے جائز حقوق حاصل کرنے کے لیے احتجاج کا حصہ بنیں۔