گورنر پنجاب کی ہدایات پر جاری ہونے والے دو علیحدہ نوٹیفیکیشنز میں بی زیڈ یو ملتان اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے سابقہ فاٹا کے طلبہ کی مخصوص نشستیں بحال کر دیں۔
گزشتہ تیرہ روز سے زکریا یونیورسٹی ملتان اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے پشتون طلبہ گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے اپنی سکالرشپس کی بحالی کے لئے سراپا احتجاج تھے۔ یاد رہے کہ سن 2015 سے پنجاب گورنمنٹ کی جانب سے شروع کی جانے والی ان سکالرشپس کو حالیہ سال پنجاب کی مختلف جامعات نے ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس کے خلاف طلبہ نے شدید ردعمل دکھایا اور اس حوالے سے ماہ ستمبر سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی گورنر ہاؤس کے سامنے پروگریسیو سٹوڈنٹس کلیکٹیو، عورت مارچ لاہور اور وومن ڈیموکریٹک فرنٹ کی جانب سے سابقہ فاٹا کے حق میں بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
کئی ماہ کے احتجاجوں کے بعد بالآخر طلبہ کی جدوجہد رنگ لائی اور گزشتہ روز انکے تمام مطالبات تسلیم کر لئے گئے۔ جس کے بعد طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کل رات بہالدین زکریا یونیورسٹی میں فاٹا کے طلبہ نے اس خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر بھرپور بھنگڑے ڈالے۔
سٹوڈنٹس ہیرلڈ سے بات کرتے ہوئے پروگریسیو سٹوڈنٹس کلیکٹیو کے مرکزی صدر محسن ابدالی نے فاٹا کے طلبہ کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اور کہا کہ ہم اس جدوجہد میں حصہ لینے والے تمام ساتھیوں کو لال سلام پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ طلبہ کے اتحاد سے ہی ممکن ہوا اور ہمیں اسے برقرار رکھنا ہے۔