رپورٹر: غلام مجتبٰی
ہفتے کے روز نامعلوم افراد نے روزنامہ ایکسپریس سے منسلک صحافی افتخار احمد کو ضلع چارسدہ کے علاقے شبقدر میں گولی مار کر قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے علاقے شبقدر سے تعلق رکھنے والے صحافی افتخار احمد عشاء کی نماز کے بعد مسجد سے نکل رہے تھے اور اپنے دفتر جا رہے تھے کہ نا معلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متقول کے بھائی حضرت بلال کی شکایت پر نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
مقتول کے بھائی سے بات کرتے ہوئے پتا چلا کہ افتخار کی لاش شاکر مارکیٹ کے قریب سے ملی. لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال شبقدر منتقل کیا گیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثہ کے حوالے کر دیا گیا. گزشتہ سترہ سال سے وہ ایکسپریس میڈیا گروپ کی طرف سے کام کر رہے تھے۔
کے پی کے پولیس چیف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او چارسدہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ جائے قتل کا دورہ کرئے اور قتل میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔