عمیر علی (حیدرآباد) : گزشتہ شام 19 مارچ کو پروگریسیو سٹوڈنٹس کولیکٹیو حیدرآباد چیپٹر کی کابینہ 24-2023 منتخب کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نو منتخب عہدیداران میں نیاز احمد راہوکرو کو بطور کابینہ صدر منتخب کیا گیا ہے جبکہ فائزہ حقی چانڈیو کو نائب صدر، آرا دین بھنبرو کو جنرل سیکرٹری، مزمل حسین سیال کو جوائنٹ سیکرٹری، شفقت عباس جسکانی کو فائنانس سیکرٹری، زریاب سکندر کو سٹڈی سرکل انچارج، فہد پلیجو کو آرگنائزر، امتیاز علی عمرانی کو سپوکس پرسن اور سعید امان کو انفارمیشن سیکرٹری کے عہدوں کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
دی سٹوڈنٹس ہیرلڈ سے بات کرتے ہوئے نو منتخب کابینہ کے صدر نیاز احمد راہوکرو نے کہا کہ وہ اُن ساتھیوں کے دلی مشکور ہیں جنہوں نے اُن پر یقین رکھ کر یہ عہدہ دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس سی کے منشور کے مطابق جو یہ ہے کہ وہ طلبہ کو ہر میدان میں آگے اور آزاد دیکھنا چاہتے ہیں وہ اُس پر ہمیشہ قائم رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کے حقوق اور اُنکی ترقی کے لیے پہلے بھی اُن کے ساتھی ہر میدان میں آگے رہے تھے اور آئندہ بھی ہمیشہ آگے رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ کی ترقی اب اُن کا ذمہ ہے اس کے لیے وہ اور اُنکی کابینہ طلبہ کے لئے بھرپور کام کریں گے۔
اس سلسلے میں پروگریسیو سٹوڈنٹس کولیکٹیو کے سیکرٹری جنرل حارث احمد آزاد کا کہنا تھا کہ وہ نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ نئے عہدیداران اُسی انقلابی ولولے کو جاری رکھتے ہوئے طلبہ کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے، طلبہ میں اُن کے مسائل سے متعلق آگاہی پیدا کریں گے اور دنیا کے موجودہ حالات میں جاری مباحث پر اپنا موقف پیش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ نئی کابینہ پی ایس سی کو ایک مضبوط تنظیم بنانے میں اپنا عملی کردار ادا کرے گی۔